بنگلورو۔یکم ستمبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیانے اپنی 52ماہ پرانی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے تین نئے وزراء کو آج اپنی وزارت کا حصہ بنایا،جبکہ وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی کو ترقی دے کر انہیں وزیر داخلہ کا قلمدان دیا ہے۔
حالیہ ضمنی انتخابات میں گنڈل پیٹ اسمبلی حلقہ سے منتخب ہونے والی ڈاکٹر گیتا مہادیو پرساد جو سابق وزیر ایچ ایس مہادیو پرساد کی بیوہ ہیں، سدرامیا نے انہیں وزارت میں شامل کیا ہے اور انہیں ان کے شوہر کا شکر کا قلمدان سونپ دیا ہے، اس کے علاوہ سدرامیا نے اپنے دست راست سینئر کانگریس لیڈر ایچ ایم ریونا کو بھی وزارت میں شامل کیا اور انہیں محکمۂ ٹرانسپورٹ کا قلمدان سونپا ہے، جبکہ باگلکوٹ ضلع سے آنے والے رکن کونسل آر بی تما پور کو وزارت میں شامل کرکے انہیں ایکسائز کا قلمدان دیا گیا ہے۔
آج شام راج بھون کے گلاس ہاؤز میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں گورنر واجو بھائی والا نے نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا، اس کے ساتھ ہی ریاستی اقتدار پر سدرامیا کے آنے کے بعد غالباً اس حکومت کا یہ آخری وزارتی ردوبدل کا عمل مکمل ہوگیا۔ان تینوں کو شامل کرنے کے ساتھ ہی سدرامیا نے اپنی وزارت کی تمام مخلوعہ نشستوں کو پر کردیا۔